مال روڈ (شہزاد خان) کورونا ایس اوپیز پر عمل کیوں نہیں کیا جارہا؟ ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے 25 تاجروں کو گرفتار کرا دیا اور 15 دکانیں سیل کردیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک کاروباری مراکز میں کورونا ایس اوپیز کا جائزہ لینے کیلئے اچانک ہال روڈ اور مال روڈ پہنچ گئے، اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان احمد بھی اُنکے ہمراہ تھے، مدثر ریاض ملک نے کورونا کو غیر سنجیدہ لینے اور کورونا ایس اوپیز پر عمل نہ کرنے والے 25 تاجروں کو گرفتار کرایا اور 15 سے زائد دکانیں سیل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بھارتی ڈیلٹا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، کورونا ایس اوپیز پر عمل یقینی بنانا ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو مارکیٹس کے اچانک دورے کر کے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیاں کرنے والے تاجروں کیخلاف بھی کارروائی کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ لاہور میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.5 فیصد تک پہنچ گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9 گھرانوں کے چراغ گُل ہو گئے اور 298 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ محکمہ پرائمری ہیلتھ کورونا کے تیزی سے پھیلنے والے ویرینٹ کا تعین کرنے میں ناکام ہوگیا، ماہرین کے مطابق ویکسی نیشن اور ایس او پیز پر عمل درآمد سے ہی کورونا سے بچاؤ ممکن ہے۔