گلبرگ (زین مدنی) فلم و ٹی وی کے سینئر اداکار سلیم شیخ نے اہلیہ سے محبت کی فلمی کہانی مداحوں سے شیئر کردی۔
سلیم شیخ اہلیہ نوشین شیخ اور بچوں کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے ایک شو میں جلوہ گر ہوئے اور دوران شو اداکار نے اہلیہ سے ملاقات کی دلچسپ کہانی بتائی۔ سلیم شیخ نے بتایا کہ انہوں نے اہلیہ نوشین شیخ کو پہلی بار لاہور میں ایک سڑک پر شاپ میں شاپنگ کرتے دیکھا تھا جہاں نوشین کی دوست نے مجھے دیکھ کر دور سے ہی ہاتھ ہلایا۔
سلیم شیخ نے مزید بتایا کہ میری محبت کی کہانی درحقیقت فلمی ہے چونکہ ان دنوں موبائل نہیں تھے لہذا میں اگلے دن نوشین کو ڈھونڈتا ایک بار پھر اسی شاپ پر پہنچ گیا کہ کاش فلموں کی طرح ایک جھلک نظر آجائے لیکن ہمارے ساتھ یہ حقیقت میں ہوا اور ہم اتفاقی طور پر 3 سے 4 مرتبہ ایسے ہی ملے۔
انہوں نے کہا کہ نوشین کو معلوم ہوگیا تھا میں ان کا پیچھا کررہا ہوں تو انہوں نے مجھے کالج کے کسی ایونٹ میں بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے کے بہانے پی ٹی وی سے میرا نمبر لیا اور پھر ہماری دوستی ہوگئی۔
اداکار کے مطابق اس کے بعد میں نے بہن سفینہ کو نوشین کے بارے میں بتایا لیکن ان کی فیملی نے صرف اداکاری کا سن کر میرے رشتے سے انکار کردیا اس کے بعد اداکار بہروز سبزواری نے نوشین کے گھروالوں کو مجبور کیا اور ہمارا رشتہ پکا ہوگیا۔