بشریٰ بی بی اڈیالا جیل سے بنی گالا منتقل، بانی پی ٹی آئی کی رہائشگاہ سب جیل قرار

بشریٰ بی بی اڈیالا جیل سے بنی گالا منتقل، بانی پی ٹی آئی کی رہائشگاہ سب جیل قرار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈسیک: سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے بنی گالا منتقل کردیاگیا۔

احتساب عدالت کی جانب سے آج توشہ خانہ کیس میں بشریٰ بی بی کو 14 سال قید با مشقت کی سزا سنائی گئی۔ عدالت کی جانب سے فیصلہ آنے کے بعد بشری بی بی گرفتاری دینے خود اڈیالہ جیل پہنچیں تو نیب ٹیم پہلے سے ہی جیل میں موجود تھی جس نے انہیں گرفتار کیا، تاہم سیکورٹی خدشات کے پیش نظر بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل کی جگہ بنی گالہ میں نظر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جس کے بعد بشریٰ بی بی کو سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے بنی گالہ منتقل کردیا گیا۔ 

بشریٰ بی بی کی منتقلی کے بعد بانی پی ٹی آئی کی بنی گالا میں رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا۔ بنی گالہ کے باہر اسلام آباد پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی۔ 

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی اپنی قید کی سزا بنی گالہ میں ہی کاٹیں گی۔

بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن چیف کمشنر اسلام آباد نے سینٹرل جیل سپرنٹنڈنٹ کی درخواست پر کیا, چیف کمشنر کی جانب سے نوٹیفکیشن سی پی سی 1860 کے سیکشن 541 کے تحت کیا گیا. 

 

واضح رہے کہ جیل انتظامیہ کو تین دن کے اندر جیل کو نشانہ بنانے کی دھمکی آمیز کال بھی موصول ہوئی ہے جس کے بعد انتظامیہ نے  سیکورٹی کو ریڈ الرٹ کردیا ہے۔جیل کے فرنٹ، عقب اور اطراف میں مزید سیکورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز کال اڈیالہ جیل کےآفیشل نمبر پر کی گئی۔