(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی گئی، لاہور ہائیکورٹ نے تحریری حکم جاری کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری 5 صفحات پر مشتمل تحریری حکم میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ سے متعلق معاونت کیلئے اٹارنی جنرل اور ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کو الگ نوٹس جاری کرنے کا بھی ذکر ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس جواد حسن نے 5 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کی جاتی ہے۔
تحریری حکم میں عدالت کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن 3 فروری تک رپورٹ اور شق وار جواب جمع کرائیں، عدالت اس کیس میں آرٹیکل 105، 112، 218، 219 اور 5 کی تشریح کرے گی۔
عدالت نے آئینی تشریح میں معاونت کیلئے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو الگ سے نوٹس جاری کیا۔
تحریک انصاف کے وکیل کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کیلئے گورنر کو خط لکھا، گورنر نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے تحریری فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی کی درخواست پر مزید کارروائی 3 فروری کو ہوگی۔