ویب ڈیسک: سعودی حکومت کی جانب سے کی گئی ایک چھوٹی سی غلطی شہری کیلئے وبال جان بن گئی، بے چارا اپنے سکون کیلئے گھر کے باہر کرسی رکھ کر بیٹھ گیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت صحت کی جانب سے سعودی شہری کے گھر کو غلطی سے "صحتی ایپ” پر ویکسی نیشن سینٹر کی لوکیشن ظاہر کیے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے اس غلطی پر سعودی شہری کو ٹیلی فون کرکے معذرت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ شہری عبداللہ العبید نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت کی ایپ پر دی گئی لوکیشن اس کے گھر کی ظاہر کی گئی تھی جبکہ ویکسی نیشن سینٹر گھر کے قریب تھا۔ بے شمار افراد روزانہ کی بنیاد پر وہاں آتے رہے۔
سعودی شہری نے بتایا کہ صبح7 بجے سے رات 11 بجے تک لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہتا تھا۔ ایک دن لوگوں سے بھری ہوئی پوری بس آکھڑی ہوئی اور لوگ بس سے اتر کر گھر میں داخل ہونے لگے جنہیں بڑی مشکل سے سمجھایا کہ یہ گھر ہے اور ویکسی نیشن سینٹر دوسری گلی میں ہے۔
متاثرہ شہری نے بتایا کہ اس غلطی سے گھر والوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، آنے والوں کی بڑی تعداد یومیہ بنیاد پر پہنچتی تھی جنہیں درست مقام کی نشاندہی کرنے کےلیے گھر کے باہر کرسی رکھ کر بیٹھ جاتا اور آنے والوں کو سینٹر کی رہنمائی کرتا تھا۔
شہری نے مزید بتایا کہ بعض ایسے افراد بھی آتے تھے جو گھنٹی بجانے پر دروازہ نہ کھولے جانے کی صورت میں پاؤں مار کردروازہ کھولنے کی کوشش کرتے اور ان کا اصرار ہوتا تھا کہ وہ ویکسین لگانے کے لیے اندر جانا چاہتے ہیں۔
سعودی شہری نے بتایا کہ وزارت صحت کی جانب سے ایک شخص نے بھائی سے میرا ٹیلی فون نمبر حاصل کیا جس کے بعد ترجمان صحت ڈاکٹر عبدالعالی نے مجھے ٹیلی فون کرکے اس غلطی کی معذرت کی۔