(علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب نے لاہور کیلئے ٹریفک کا ماسٹر پلان تیار کرنے کا حکم دیدیا، سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ فیروز پور روڈ، جیل روڈ، مال روڈ اور کینال روڈ کو ٹریفک کے حوالے سے ماڈل بنایا جائے، نئے پارکنگ پلازے تعمیر کرنے کا جائزہ لیا جائے۔
لاہورکی ٹریفک کے مسائل کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے، جس میں وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ، ٹریفک پولیس، ایل ڈی اے، سیف سٹیز اتھارٹی، لاہور پارکنگ کمپنی اور دیگر محکموں کو موثر ٹریفک پلان وضع کرنے کا حکم دیا، اس موقع پر سردارعثمان بزدار نے زیادہ رش والے علاقوں میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک انجینئرنگ سٹڈی کی سفارشات پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے جبکہ بھاٹی چوک (داتا دربار)، شملہ پہاڑی چوک، گڑھی شاہو چوک (علامہ اقبال روڈ)، ورکشاپ چوک (آؤٹ فال روڈ پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
وزیراعلی نے کہا کہ اللہ ہو چوک (جوہرٹاؤن)، اکبر چوک (مولانا شوکت علی روڈ)، حسین چوک (نور جہاں روڈ)، ریگل چوک مال روڈ اور بابوصابو انٹرچینج چوک پر بھی ٹریفک کو رواں دواں رکھا جائے گا جبکہ سرکلر روڈ کو بھی اپ لفٹ کیا جائے گا، ٹریفک میں خلل کا باعث بننے والی رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے، کمشنر لاہور ڈویژن نے ٹریفک مینجمنٹ پلان کے بارے میں بریفنگ دی ۔