( رضوان نقوی ) ایف بی آر نے سیلز ٹیکس کی مد میں 2 ارب 60 کروڑ کی عدم ادائیگی پر ’’ہونینگ شین ڈانگ روئی پاکستان انرجی پرائیویٹ لمٹیڈ‘‘ کے نام سے رجسٹرڈ معروف چینی کمپنی ساہیوال کول پراجیکٹ کے اکاؤنٹس منجمد کرکے 26 کروڑ 60 لاکھ روپے کی ریکوری کرلی۔
ایف بی آر نے ساہیوال کول پراجیکٹ کے نام سے توانائی کے شعبہ میں کام کرنیوالی چینی کمپنی کے اکاؤنٹس سیلز ٹیکس بقایاجات کی عدم ادائیگی پر منجمد کردیئے۔ ایف بی آر کی ٹیم نے چینی کمپنی ’’ہونینگ شین ڈانگ روئی پاکستان انرجی پرائیویٹ لمٹیڈ‘‘ کے بینک اکاؤنٹس سے 26 کروڑ 60 لاکھ روپے کی ریکوری کی ہے۔
ایف بی آر حکام کے مطابق چینی کمپنی سال 2017 کے سیلز ٹیکس کی مد میں 2 ارب 60 کروڑ روپے کی نادہندہ تھی۔ کارپوریٹ آر ٹی او زون فور کے کمشنر جمشید فخری ڈاہر کی ہدایت پر کارروائی کی گئی ہے۔
ایڈیشنل کمشنر نعمان ملک، ڈپٹی کمشنر علی احسن وڑائچ ٹیم میں شامل تھے۔ ایف بی آر نے گلبرگ میں انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنہ میں چینی کمپنی کے اکاؤنٹس منجمد کرکے ریکوری کی۔