سالک نواز: پاکستان ریلویز نےیکم سے پانچ فروری تک یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے مختلف پروگرامز ترتیب دے دیئے ہیں۔ ٹرینوں پر یوم یکجہتی کشمیر سے متعلق پوسٹر آویزاں کیےجائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت ریلوے کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں ٹرینوں پر یوم یکجہتی کشمیر سے متعلق پوسٹر آویزاں کیےجائیں گے۔ چار ٹرینوں پر خصوصی پوسٹر آویزاں کیے جائینگے۔ جن میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو اجاگر کیا جائے گا۔
ترجمان ریلویز کے مطابق پوسٹرز میں کشمیریوں پربھارتی بربریت کو آشکار کیا جائے گا۔ یہ پوسٹرز گرین لائن ، تیزگام، خیبر میل ، جعفر ایکسپریس پر لگائے جائینگے۔ ریلوے اسٹیشنز پر یوم یکجہتی کشمیر کےبارے میں بینرزلگائے جائینگے۔ ریلوے اسٹیشنز پر مسئلہ کشمیر سے متعلق خصوصی سی ڈیز بھی چلائی جائینگی۔