(رضوان نقوی) ایف بی آر نے محکمہ ایکسائز سے کمرشل پراپرٹی کے مالکان کی رینٹل انکم کی تفصیلات حاصل کر کے کارروائی شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے محکمہ ایکسائز سے لاہور کے پوش علاقوں میں واقع کمرشل پراپرٹی کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔ ایف بی آر نے دکانوں، پلازوں اور کمرشل عمارتوں کے کرایوں سے حاصل ہونے والی تفصیلات کے اعداد و شمار اکٹھے کر کے ٹیکس وصولی کیلئے کارروائی شروع کر دی۔
ایف بی آر نے محکمہ ایکسائز سے تفصیلات حاصل کر کے معروف کاروباری شخصیت عاصم رؤف کریمی کو کمرشل پراپرٹی سے ہونے والی آمدن پر 1 کروڑ 70 لاکھ روپے انکم ٹیکس عائد کر کے نوٹس جاری کر دیا۔ ایف بی آر نے محکمہ ایکسائز سے سال 2012 سے 2016 تک کی کمرشل پراپرٹی کی تفصیلات حاصل کی تھیں۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق عاصم رؤف کریمی کو 5 سال کے دوران دکانوں کے کرایوں کی مد میں 4 کروڑ 78 لاکھ 50 ہزار روپے آمدن ہوئی۔ جس پر عاصم رؤف کو نوٹس جاری کر کے ٹیکس ادائیگی کیلئے28 فروری تک کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔