( عمر اسلم ) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی رانا ثنااللہ سے ملاقات، منشیات کیس میں ضمانت پر مبارکباد دی، راناثنااللہ کے لیے جاتی امراء رائیونڈ میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا جبکہ میاں نوازشریف کی والدہ بیگم شمیم نے بھی راناثنااللہ کو مبارکباد دی۔
جاتی امراء رائیونڈ میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ رانا ثنااللہ اپنی اہلیہ اور داماد شہریار کے ہمراہ جاتی امراء پہنچے۔ مریم نواز نے رانا ثنااللہ کو منشیات کیس میں ضمانت پر رہا ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ رانا ثنااللہ پارٹی کے وفادار ساتھی ہیں جن پر پارٹی کو فخر ہے۔
اس موقع پر صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ انہیں سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا لیکن وہ قائد میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف کے وفادار ساتھی ہیں۔
رانا ثنااللہ نے مریم نواز سے میاں نواز شریف کی طبیعت دریافت کرتے ہوئے ان کی صحت یابی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔