(قذافی بٹ) ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت قانون سازی کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع ہوگئی ہے، قرارداد تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا کی جانب سے جمع کرائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان ملاوٹ، غلیظ، جعلی اور مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والوں کو سخت سزا دینے کے لئے قانون سازی کا مطالبہ کرتا ہے۔ کیونکہ ناقص گوشت، ملاوٹ والے مصالحے، مشروبات اور دوسری مضر صحت خوراک پکڑی گئی۔
لوگوں کو گرفتار کیا گیا اور جرمانے بھی کئے گئے، لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایسی کارروائیوں سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا جاتا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بیکریوں میں استعمال کے لئےگندے انڈوں کی سپلائی جاری ہے، مردہ مرغیوں کا گوشت بھی فروخت ہو رہا ہے، بدبور دار اور گلی سڑی مچھلی بھی فروخت ہو رہی ہے۔ گندگی پر بھی چالان کرنے کے با وجودیہ سلسلہ رک نہیں رہا؟ شاید اس کی وجہ یہ ہو کہ موجودہ سزائیں کم ہیں، یہ حضرات محض منافع خوری کے لئے انسانی جانوں کے ساتھ کھیلنے سے گریز نہیں کرتے، اس لئے اگر ان کے خلاف سخت ترین کارروائی نہ کی گئی تو یہ باز نہیں آئیں گے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت موجودہ قوانین میں ترامیم کرے اور ایسا قانون بنایا جائے جس کے تحت انسانی جانوں سے کھیلنے والے بھی قتل کے مجرم ٹھہرائے جائیں۔ان کو موت کی سزا دی جائے۔