ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کی درخواست خارج  

پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کی درخواست خارج  
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات 14 مئی کو کرانے کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی نظرثانی کی درخواست خارج کر دی۔

پنجاب میں انتخابات 14 مئی کو کرانے کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی نظرثانی کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں ہوئی۔

وکیل الیکشن کمیشن  نے کہا کہ دو ہفتے پہلے سپریم کورٹ کا پنجاب انتخابات سے متعلق تفصیلی فیصلہ ملا، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کچھ اضافی دستاویزات جمع کرانا چاہتے ہیں۔

وکیل سجیل سواتی ںے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اختیارات میں انتخابات کی تاریخ دینے کی حد تک اضافہ کیا گیا ہے، جس پر جسٹس منیب اختر کا کہنا تھا اس سب کا نظر ثانی کیس سے تعلق نہیں بنتا۔

الیکشن کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا اگلے ہفتے کا وقت دے دیں تا کہ دلائل تیار کر سکوں، جس پر جسٹس منیب نے ریمارکس دیے کہ جو فیصلہ آیا وہ کیس ختم ہو چکا۔

چیف جسٹس پاکستان نے وکیل الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ آپ اپنا جواب ابھی عدالت میں ہمارے ساتھ ہی پڑھیں، جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا سیکشن 58،57 میں ترامیم کے بعد الیکشن کی تاریخ دینےکا اختیار الیکشن کمیشن کا ہے۔

جسٹس منیب اختر نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے کہا وکیل صاحب ذہن میں رکھیں یہ نظر ثانی ہے، جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا آئین الیکشن کمیشن کو انتخابات کرانےکی ذمہ داری دیتا ہے اختیار نہیں۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ آئین الیکشن کمیشن کی ذمہ داریوں سے متعلق واضح ہے جبکہ چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا آپ 3 بار بتا چکےکہ الیکشن کمیشن کے پاس طاقت نہیں ذمہ داری ہے اب آگے چلیں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا آئین الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ آگے بڑھانے کا اختیار نہیں دیتا جبکہ جسٹس منیب اختر کا کہنا تھا الیکشن کمیشن سے پوچھا کہ انتخابات کی تاریخ آگے بڑھائی جا سکتی ہے یا نہیں، سپریم کورٹ فیصلہ دے چکی الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ آگے نہیں بڑھا سکتا، آپ نظر ثانی کیس میں ہمارے سامنے آئے ہیں دوبارہ سے دلائل مت دیں۔