(شاہد ندیم سپرا)لیسکو نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سات ہزار افسران و ملازمین کی تنخواہ روک لی، تنخواہ کی ادائیگی کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ سے مشروط کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لیسکو نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے ہزاروں ملازمین کی تنخواہ روک لی ہے، این سی او سی نے سرکاری ملازمین کو فیملی ممبران کیساتھ ویکسین لگوانے کی ہدایت کی تھی تاہم ویکسینیشن نہ ہونے کی وجہ سے حکومت کے فیصلے پر افسران و ملازمین کی تنخواہ جاری نہیں کی گئی۔
لیسکو کے مجموعی طور 22 ہزار نو سو ملازمین ڈیوٹی انجام دیتے ہیں جن میں سے 15 ہزار ملازمین نے کورونا ویکسین لگوا لی ہے تاہم سات ہزار سے زائد ملازمین کی تنخواہ ویکسین نہ لگوانے پر روک لی گئی ہے۔ لیسکو کی جانب سے سات ہزار میں سے خواتین اور ان کے میڈیکل ایشوز کی سکروٹنی کی جا رہی ہے۔ سکروٹنی کے بعد این سی او سی کو میڈیکل بنیاد پر ویکسین نہ لگوانے والوں کی فہرست دی جائیگی، تنخواہ کی ادائیگی کا حتمی فیصلہ این سی او سی کی جانب سے کیا جائیگا، عیدالاضحیٰ کی وجہ سے سرکاری ملازمین کو تنخواہ پینتالیس دن بعد ادا کی جانی ہے۔