( قذافی بٹ ) وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور آئیں گے، وزیراعظم ایوان وزیراعلیٰ میں اہم اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج لاہور کا دورہ کریں گے، وزیراعظم ایوان وزیراعلیٰ میں اہم اجلاسوں کی صدارت کریں گے جبکہ ارکان اسمبلی اور بیوروکریسی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم کو پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں اور دو سالہ کارکردگی کے بارے آگاہ کیا جائے گا اور انہیں جنوبی پنجاب سول سیکرٹریٹ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جائیگا۔
دوسری جانب محکمہ خزانہ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے 70 نئی اسامیاں تخلیق کرلیں ہیں۔ گریڈ 21 کی ایک، گریڈ20 کی 21 سیٹیں، گریڈ19 کی 21 اور گریڈ18 کی 34 سیٹیں تخلیق کی گئی ہیں۔ 15 محکموں کے سیکرٹریز جنوبی پنجاب میں دفاتر کھولیں گے، سیکرٹری لائیو سٹاک، پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ہاؤسنگ، بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، لوکل گورنمنٹ اور محکمہ داخلہ کے سیکرٹری جنوبی پنجاب میں بیٹھیں گے۔
اسی طرح سیکرٹری زراعت، ہیلتھ، ایجوکیشن، سیکرٹری فنانس، لائیوسٹاک، ایری گیشن، سی اینڈ جی اے ڈی اور سیکرٹری لا کے دفاتر بھی جنوبی پنجاب میں ہوں گے۔ محکمہ خزانہ نے نئی اسامیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔