سعید احمد: کروڑوں روپے مالیت کے فنڈز لینے والی ریلوے پولیس ٹرینوں کی حفاظت کرنے میں بھی ناکام، لاہور سے کراچی جانے والی ٹرین شاہ حسین ایکسپریس پر گوجرا کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ نے سکیورٹی کا پول کھول دیا۔
تفصیلات کے مطابق گوجرہ کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے ٹرین کے انجن، پاور وین اور اکانومی کلاس بوگی پر فائرنگ کی، جس سے ایک مسافر شدید زخمی ہو گیا، فائرنگ کے بعد ٹرین کو روک کر ریسکیو ٹیمیں طلب کر لی گئیں۔ ریسکیو عملے نے زخمی مسافر کو ابتدائی طبی امداد دے کر ہسپتال منتقل کر دیا۔
افسوس ناک حادثے نے ریلوے پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بھی لگا دیا، ذرائع کے مطابق ٹرین میں ڈیوٹی پر مامور ریلوے پولیس اہلکار نظر ہی نہ آئے اور نامعلوم افراد پولیس کی ناک نیچے فائرنگ کرکے فرار ہو گئے۔
واقعے سے کروڑوں روپے فنڈز لینی والی ریلوے پولیس کی ناقص کارکردگی بھی سب کے سامنے آ گئی۔