(عیشہ خان) شاہدرہ ٹاؤن میں بھائی اور بھابی سمیت تین افراد نے مل کر خاتون کو پیٹرول چھڑک کر جلا دیا۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق شاہدرہ ٹاؤن کی رہائشی عظمی بی بی اپنے بھائی فیض اور بھابی آسیہ سے ملنے انکے گھر آئی تھیں جہاں انکا جھگڑا ہو گیا، بھائی نے اپنی بیوی کیساتھ مل کر بہن کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئی۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی گئی لیکن بارہ گھنٹے ہسپتال میں رہنے کے باوجود متاثرہ خاتون جانبر نہیں ہو سکی، مقتولہ تین بچوں کی ماں تھی۔
مقتولہ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ معمولی جھگڑے کے بعد تلخ کلامی ہوئی، اسکے بھائی نے اپنی بیوی آسیہ اور ایک اور شخص یوسف کیساتھ مل کر پہلے اسے مارا پیٹا اور پھر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔