کفایت علی شاہ: سائفر کیس میں تحریک انصاف نے ایف آئی اے کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے چالان کو یکسر مسترد کردیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان و وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف جمع کرایا گیا چالان سائفر کے جعلی اور بوگس مقدمے کی طرح بے معنی اور بے وقعت ہے،یہ حقیقت ہے کہ سائفر اپنی اصلی حالت میں آج بھی دفتر خارجہ میں موجود ہے جو کہ سابق وزیر اعظم پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد ثابت کرتاہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سائفر کو وفاقی کابینہ نے اپنے اختیارات کے تحت ڈی کلاسیفائی کیا جس کے بعد آفیشل سیکرٹس ایکٹ کو لاگو نہیں کیا جا سکتااور یہ مقدمہ اپنی موت آپ مر جاتا ہے،چیئرمین تحریک انصاف نے بارہا سائفر کی آزادانہ اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا جس کیلئے چیف جسٹس اور صدر مملکت کوخطوط بھی ارسال کئے گئے لیکن آج تک کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جیل میں خفیہ ٹرائل سے لیکرسائفر کیس کی عدالتی کارروائی کو بلاجواز ملتوی کرنے تک بے انصافی کی نئی روایات قائم کی گئی ہیں،ایک بے بنیاد مقدمے کی غیر قانونی کارروائی کے نتیجے میں سنائے جانے والے کسی فیصلے کی قانونی حیثیت ہوگی نہ ہی قوم اسے قبول کرے گی۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے سائفر کی تحقیقات کیلئے ایک آزادانہ اورمنصفانہ جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے اور اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔