ریحان گل: پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کے تحت ترقیاتی سکیمیں جمع کرا دی گئیں، وزیر اعلی پنجاب نے 4 ارب روپے کی سپلمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق بلدیاتی ادارے غیر فعال ہونےکے باعث لاہور سمیت پنجاب بھر میں گلی محلے کی سطح کے ترقیاتی کام طویل عرصے سے التواء کا شکار ہیں جس پر پنجاب حکومت نے پنجاب میونسپل سروسز پراجیکٹ شروع کیا ہے تا کہ اضلاع کی سطح پرترقیاتی کام کرائےجاسکیں۔ ذرائع کے مطابق ضلع کی سطح پر ترقیاتی سکیمیں وصول کی جا چکی ہیں اب ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں قائم کمیٹی نو اکتوبر تک ان کی منظوری دے گی، جبکہ یکم نومبر تک ان کے ٹینڈرز جاری کر دئیےجائیں گے، ان سکیموں کو مکمل کرنے کے لئے جون 2020 کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بلدیاتی ادارے اپنے وسائل سے ان سکیموں کے لئے 50 فیصد فنڈز فراہم کریں گے، لیکن جن بلدیاتی اداروں کے پاس 50 لاکھ روپے سے کم فنڈز ہیں انہیں پنجاب حکومت فنڈنگ فراہم کرے گی جس کے لیے وزیراعلی پنجاب نے 4 ارب روپے کی سپلمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی ہے۔