انضمام الحق پر الزامات، پی سی بی نے تحقیقات کیلئے کمیٹی بنا دی

انضمام الحق پر الزامات، پی سی بی نے تحقیقات کیلئے کمیٹی بنا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حافظ شہباز علی) ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کے انتخاب میں مفادات کے ٹکراؤ کے حوالے سے الزامات سامنے آنے کے بعد پی سی بی نے تحقیقات کیلئے کمیٹی بنا دی۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری اعلامیے کے مطابق آئی سی سی ایونٹ کیلئے ٹیم کو منتخب کرنے کے حوالے سے مفادات کے ٹکراؤ کی خبریں ذرائع ابلاغ کی زینت بننے کے بعد بورڈ نے تحقیقات کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔

 سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے انتخاب کے عمل سے متعلق میڈیا میں رپورٹ ہونے والے مفادات کے ٹکراؤ کے حوالے سے الزامات کی تحقیقات کیلئے پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل کی ہے۔

پی سی بی کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ’کمیٹی اپنی رپورٹ اور سفارشات پی سی بی کی انتظامیہ کو جلد پیش کرے گی۔‘

 واضح رہے کہ مفادات کے ٹکراؤ کی خبریں سامنے آنے کے بعد قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق اس فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی میں کرنل ریٹائرڈ خالد،  کرنل ریٹائرڈ اختر، شامل ہیں جبکہ ڈائریکٹر میڈیا عالیہ رشید کے علاوہ ایک لیگل اور آڈٹ ٹیم کا نمائندہ بھی کمیٹی کا حصہ ہوگا۔