ویب ڈیسک:وزارت خزانہ نے روپے کی قدر میں بہتری اور تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر مہنگائی میں کمی کی نوید سنائی ہے۔
وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آوٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں روپے کی قدر میں بہتری سے مہنگائی میں بھی کمی کی نوید سنائی گئی ہے، تاہم سیلاب کے باعث ملکی معیشت کو چیلنجز کا سامنا ہے۔
وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آوٹ لک رپورٹ کے مطابق سیلاب کی تباہ کاریوں سے نبرد آزما معیشت سنبھلنے لگی ہے، اور آنے والے مہینوں میں معاشی کارکردگی میں بہتری اور مہنگائی میں کمی کی امید پیدا ہوگئی ہے۔وزارت خزانہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ضروری اشیا کی بروقت درآمد اور دیگر حکومتی اقدامات سے سپلائی لائن اور قیمتوں میں استحکام آیا اور پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں ماہ مہنگائی 21 سے 22.5 فیصد رہنے کا امکان ہے، اگست میں یہ شرح 27 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔اعداد و شمار کے مطابق موجودہ مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں برآمدات 5.5 فیصد اضافہ سے7.6 ارب ڈالر رہیں، اس دوران ٹیکس ریونیو میں17فیصد اضافہ ہوا، جب کہ مالی خسارہ 45 فیصد بڑھ کر 672 ارب رہا، ترسیلات زر میں 6.3 فیصد کمی آئی اور وہ 7.7 ارب ڈالر رہیں۔
ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ رپورٹ کے مطابق ڈالر ریٹ میں مصنوعی طریقے سے اضافہ کرنے والے کمرشل بینکوں کیخلاف کارروائی تو کی گئی، لیکن اربوں روپے ڈکارنے والے بینکوں کو محض چند کروڑ کے جرمانے عائد کرکے جان چھڑا لی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ڈالر ریٹ میں ہیر پھیرسے 50 ارب سے زائد ناجائز منافع کمانے والے 6 کمرشل بینکوں کو اسٹیٹ بینک نے محض 29 کروڑ روپے جرمانہ کیا، جن میں سے ایک بینک کو 14 کروڑ، دوسرے کو 8 کروڑ 17 لاکھ جب کہ دیگر 4 بینکوں کو 1 کروڑ سے ڈھائی کروڑ تک جرمانہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے پاکستان میں بھی پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کاامکان ظاہر کیا جارہا ہے۔