ویب ڈیسک : کورونا کا خطرہ پھر منڈلانے لگا ۔۔۔چین میں ملک بھر میں پابندیاں سخت۔۔ شادیاں ملتوی کرنے اور جنازے کی تقریبات محدود رکھنے کا حکم
سرمائی اولمپکس کی آمد کے پیش نظر اور تعطیلات کے بعد کورونا کے کیسز میں ایک دفعہ پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔چینی حکام نے کروڑوں شہریوں کو گھروں میں رہنے کا حکم دیا ہے، بین الاصوبائی سفر پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ ٹیسٹ کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔جمعہ کو ملک بھر میں 48 نئے کیسز سامنے آئے جن کے اضافے کے بعد گزشتہ ہفتے رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 250 سے کچھ کم رہی۔
اتنے تھوڑے کیسز سامنے آنے کے باوجود فروری میں سرمائی اولمپکس کے میزبان بیجنگ میں لاکھوں لوگوں کو لاک ڈاؤن کا سامنا ہے۔شہر کے متعدی امراض کے کنٹرول سینٹر کے نائب سربراہ پینگ شینگھاؤ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو شادیاں ملتوی کر دینی چاہیئں، میتوں کی رسومات مختصر کردیں جبکہ اجتماعات اور غیر ضروری تقریبات سے گریز کریں۔
سیاحتی مقامات پر تعداد مزید محدود کردی جائے گی جبکہ نوتعمیر شدہ یونیورسل اسٹوڈیو ریزورٹ میں وبا کی روک تھام کے لیے ہنگامی حالات کا نفاذ کیا جائے گا۔