جمال الدین جمالی: بینک جرائم کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 20 نومبر تک توسیع کر دی۔ شہباز شریف کہتے ہیں کہ تحریک لبیک کے ساتھ مذاکرات ہی بہتر حل ہے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے ان کے وکیل امجد پرویز ڈینگی میں مبتلا ہونے کے باعث پیش نہ ہو سکے۔ ان کے ایسوسی ایٹ وکیل نے کہا کہ دائرہ اختیار کو چیلنج کرنے کے حوالے سے آئندہ سماعت پر تفصیلی دلائل پیش کرینگے۔ ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ کیس میں متعدد دفعات شامل ہیں، لہذا اس عدالت کے دائر اختیار میں نہیں آتا ہے۔
فاضل جج نے کہا دائر اختیار کا معاملہ بھی دیکھ لینگے، آپ کیس کی تفتیش تو مکمل کریں ایک سال ہو گیا ابھی تک چالان جمع نہیں ہو سکا۔ عدالت نے ایف آئی اے کو عبوری چالان رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 20 نومبر تک ملتوی کردی۔ دوران سماعت شہباز شریف روسٹرم پر آئے اور کہاایف آئی اے ایک سال تک تفتیش مکمل نہیں کر سکا تو اب چند دن میں کیسے مکمل ہو گی۔
پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میرے خلاف جھوٹ پر مبنی کیسز بنائے گئے ہیں۔ حکمران آج تک سیاسی انتقامی کارروائیوں کے علاوہ کچھ نہیں کر سکے۔ اللہ تعالی ہی انصاف کرے گا جبکہ کالعدم تنظیم کے احتجاج سے متعلق انہوں نے کہا کہ مذاکرات ہی بہترین حل ہے، اتنی جانیں ضائع ہو گئی ہیں۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور امن و امان کی خراب صورتحال پر پوری قوم کو تشویش لاحق ہے، حکومت کا آخری وقت قریب آ گیا ہے۔
شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر کارکنان کی بڑی تعداد اظہار یکجہتی کے لیے موجود تھی اور سیکورٹی کیلئے پولیس بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔