(مانیٹرنگ ڈیسک) ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں گرفتار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو جیل سے رہا کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو 3 ہفتوں کے بعد آرتھر روڈ جیل سے ضمانت پر رہائی مل گئی، منّت پہنچنے پر شاہ رخ خان کے مداحوں نے ڈھول کی تھاپ میں آریان خان کا استقبال کیا.بالی ووڈ کے کنگ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت اداکارہ جوہی چاؤلہ نے دی ہے اور انہوں نے ہی ان کے ضمانتی مچلکوں پر دستخط کیے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ممبئی ہائی کورٹ نےکیس کاتفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہاتھا کہ آریان خان بغیر اجازت شہر یاملک سے باہرنہیں جاسکتے اور نہ ہی کیس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کوئی بیان دے سکتے ہیں۔آریان خان سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ ہر جمعہ کو صبح 11 بجے سے دوپہر 2 بجے کے درمیان این سی بی کے دفتر میں اپنی موجودگی ظاہر کریں گے۔ذرائع کے مطابق کسی بھی شرط کی خلاف ورزی آریان خان کی ضمانت منسوخی کا باعث بن سکتی ہے۔
واضح رہےکہ 2 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی)نے ممبئی کروز شِپ پر چھاپہ مارا گیا تھا جہاں سے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو اُن کے دوستوں سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔