(رضوان نقوی ) سال 2019 کی ایمنسٹی سکیم سے استفادہ کرنے والے سرمایہ کار ایف بی آر کے شکنجے میں آگئے، ایمنسٹی سکیم میں اثاثے ظاہر کرکے بروقت ڈیفالٹ سرچارج ادانہ کرپانے والے 1200لاہوری سرمایہ کاروں کا کھاتہ کھل گیا،، ایف بی آر نے نوٹس جاری کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق ایمنسٹی سکیم کے تحت شہری خود ہی اپنے اثاثہ جات کی تفصیل ایف بی آر پر ظاہر کرچکے ہیں۔ ایف بی آر نے ڈیفالٹ سرچارج کیلئے آخری تاریخ 30جون مقرر کی تھی۔ایف بی آرآخری تاریخ گزرنے کے 4 ماہ بعد حرکت میں آگیاہے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق 1200لاہوری سرمایہ کاروں نے ایمنسٹی سکیم میں اثاثے ظاہرکردیئے لیکن بروقت مکمل ٹیکس اور ڈیفالٹ سرچارج ادانہ کرسکے،شہرسے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں کے ذمےمجموعی طور پر 64کروڑ46لاکھ روپے ڈیفالٹ سرچارج تھا۔
ایف بی آر نے ایمنسٹی سکیم برائے 2019 کے تحت اثاثے ظاہرکرنے کے باوجود بروقت ٹیکس ادانہ کرنے والوں کو نوٹسز جاری کردیئےہیں۔ ایف بی آر نے ایمنسٹی میں اثاثے ظاہر کرنے کے باوجود بروقت ٹیکس ادائیگی نہ کرنے پر ڈیفالٹ سرچارج عائد کیا تھا۔
ایف بی آر نے اعلان کیا تھا کہ ایک روپے کا ڈیفالٹ سرچارج واجب الادا ہونے کی صورت میں بھی ایمنسٹی کو تسلیم نہیں کیا جائے گا.