مال روڈ(علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نبی آخرالزماں حضرت محمدۖ کی ولادت باسعادت کے پر مسرت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سرور کونین حضرت محمدۖ کی بعثت سسکتی، مرجھائی اور جہالت میں ڈوبی انسانیت کیلئے ابر بہار کی حیثیت رکھتی ہے، محسن انسانیت حضرت محمد ۖ اپنے اعلیٰ کردار کے ذریعے دنیا کیلئے ایک مثال بنے اور حضور کریمﷺ نے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ نبی آخرالزماں ۖ نے امن وآشتی، اخوت، احترام انسانیت، مساوات، عفوودرگزراور عدل و انصاف کا درس دیا، آپۖ کی زندگی مجسم قرآن ہے جس میں مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے، حضوراکرم ۖکی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے سے ظلم، زیادتی،ناانصافی اور بدامنی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ ۖکے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو درپیش تمام مسائل سے نجات دلا کرامن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے، رسولِ اکرمۖ کی سنت سے مسائل کا حل افہام و تفہیم اور مکالمے کے ذریعے نکالنے کا درس ملتا ہے۔ نبی اکرمۖ کی محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے اختلافات کو مفاہمتی حکمت عملی کی روشنی میں حل کر یں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ دن امت مسلمہ کو قرآن و سنت کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ اپنی زندگیوں کو نبی آخرالزماں ۖکی تعلیمات کے مطابق بسر کریں گے، اللہ تعالیٰ ہم سب کی کوتاہیوں کو معاف فرمائے اور ہمیں محسنِ انسانیت حضوراقدسۖ کی شفاعت نصیب فرمائے۔
واضح رہےکہ پاکستان سمیت دنیا بھر می آج سرورِ کونین، رحمت اللعالمین، آقائے دو جہاں حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، لاہور میں دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔