( علی ساہی ) آزادی مارچ کے شرکا کی ہزاروں گاڑیوں کا قافلہ لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوگیا، آزادی چوک میں پڑاؤ ڈالنے والے شرکا کی سیکیورٹی کے ناقص انتظامات، داخلی راستے پر چیکنگ کا کوئی نظام نظر نہ آیا جبکہ ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے کوئی انتظام تک نہیں کیا گیا۔
آزادی پارک میں قیام کرنے والے ہزاروں شرکا کے لیے لاہور پولیس کی جانب سے کسی قسم کے کوئی سیکیورٹی انتظامات نہیں کیے گئے۔ پنڈال میں داخلی راستے پر نہ ہی واک تھرو گیٹ نہ کوئی چیکنگ بلکہ شرکا اپنی مدد آپ کے تحت شہریوں کو چیک کرکے بھجواتے رہے۔ ڈیوٹی پر موجود اہلکار وافسران ڈیوٹی کے بجائے خوش گپیاں لگانے میں مصروف رہے، ایس پی سٹی غضنفر شاہ نے بھی پنڈال کا دورہ کیا۔
لاہور پولیس کی جانب سے شرکا کی بسوں کے لیے کوئی پارکنگ کا انتظام نہیں کیا گیا بلکہ جہاں کسی کو جگہ ملی وہاں ہی کھڑی کردی جس کی وجہ سے ٹریفک میں خلل رہا۔ حکومت سے کروڑوں روپے سیکیورٹی کی مد میں وصول کیے گئے لیکن سیکیورٹی انتظامات نہ ہونے کے برابر تھے۔