قذافی بٹ: وزیراعظم نے غیر تسلی بخش کارکردگی دکھانے والے صوبائی وزراء کو گھر بھیجنے کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا ہے کہ جن وزراء کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں وہ درست کرلیں، ورنہ وزارتیں واپس لے کر نئے لوگوں کو موقع دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں مصروف دن گزارا، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ سے ون ٹو ون ملاقاتیں کیں۔ عمران خان نے صوبائی کابینہ اور پنجاب کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کی، اجلاس میں بعض وزراء کی غیر تسلی بخش کارکردگی پر نام لیے بغیر انہیں وارننگ دی کہ جن وزراء کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہے انہیں 2 ماہ کے اندر گھر بھیج کر نئے اراکین کو موقع دیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کابینہ اراکین کو دورہ سعودی عرب کے حوالے سے اعتماد میں لیا، انہوں نے کابینہ کو بتایا کہ چین سے قرضوں کے حصول کے لیے نہیں بلکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے شیلٹر ہومز کو بھی جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی.
وزیراعظم لاہور کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اولڈ ائیرپورٹ حج ٹرمینل سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئے۔