شہدائے کربلا کے چہلم پر لاہور سمیت ملک بھر میں جلوس اور مجالس


(سٹی 42) نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؑ اور ان کے جانثاروں کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، لاہور سمیت ملک بھر میں مجالس عزا برپا کی جارہی ہیں اور جلوس نکالے جارہے ہیں، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

قتلِ حسین اصل میں مرگ یزید ہے

اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد

تفصیلات کے مطابق نواسہ رسول ﷺ حضرت حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کا چہلم مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، ملک بھر میں علم، ذوالجناح اور تعزیئے کے جلوس برآمد کیے جارہے ہیں اور مجالس عزا کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے۔ لاہور حویلی الف شاہ سے برآمد ہونے والا چہلم شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر گامزن ہے، جو رات گیارہ بجے کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

غریب سادہ و رنگیں ہے داستان حرم

نہایت اس کی حسین ابتدا ہے اسماعیل

 چہلم حضرت امام حسینؑ اور داتا دربار کے عرس کے موقع پر لاہور میں سکیورٹی کے سخت انتطامات کیے گئے ہیں ، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلوس اور عرس کی نگرانی کی جارہی ہے۔ جلوس کے راستے پر بلند عمارتوں پر سنائپر تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی دے رہےہیں۔ مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس بھی معطل کردی گئی ہے جبکہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ۔