(قذافی بٹ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار گھر کا راستہ ہی بھول گئے۔ جنوبی پنجاب کے عوام کو وزیراعلیٰ کی راہ تکتے 71روز گزر گئے۔ وزیراعلیٰ کو تخت لاہور کی آسائشوں نے ایسا گھیرا ہے کہ ان کا گھرجانے کودل ہی نہیں کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کی باگ ڈور جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقے کے نمائندے عثمان بزدار کو دے تودی پر وزیراعلیٰ پنجاب کو تخت لاہور کی آسائشوں نے ایسا گھیرا کہ اپنا گھر ہی بھول گئے۔عثمان بزدار کو 20 اگست کو وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اُٹھانے کے بعد ایک بار بھی اپنا حلقہ یاد نہ آیا۔ ان کے حلقے کے سادہ لوح علاقہ مکین پھر بھی خوش ہیں کہ وزیراعلیٰ تو اپنا ہے کبھی تو آئے گا۔ وزیراعلیٰ کو گھر کا راستہ تو یاد نہیں لیکن سرکاری طیاروں میں سفر کرنا اور ذاتی کاموں کیلئے حکومتی وسائل کااستعمال ضرور یاد ہے۔
تبدیلی کے منتظر لوگ سوال کرتے ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے آبائی علاقے میں بجلی ہے نہ گیس نہ پانی، علاقے کی تیز ترین ترقی کے دعوے کہاں گئے۔ انکی محرومیوں کا ازالہ کون کرے گا اور کیسے ہوگا؟ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار واحد ایم پی اے ہے جس کے گھر میں بجلی نہیں، کپتان کو اپنے کھلاڑی پر یقین ہے کہ وہ ایماندار وزیراعلیٰ بن کر صوبے کیلئے زبردست کام کرے گا لیکن جناب بزدار صاحب ایسے ایماندار نکلے کہ تختِ لاہورکے ہو کر رہ گئے۔
لوگوں کی لاکھ تنقید کے باوجود کپتان نے اپنے کھلاڑی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ایک شریف، سادہ اورعاجز آدمی آپ کو ملا ہے، آپ اس کو کام تو کرنے دیں۔
جنوبی پنجاب کے عوام یہ بھی سوچ رہے ہیں کہ کہیں انہیں بھی عثمان بزدار کی گمشدگی کا اشتہار تو نہیں دینا پڑے گا۔