ویب ڈیسک: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی کے صارفین کے لیے اکتوبر کے بل میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارج کی مد میں بجلی فی یونٹ 2 روپے 14 پیسے سستی کر دی۔
نیپرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کے صارفین کے لیے بجلی 2 روپے 14 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے ہے اور یہ کمی اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔
نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے کراچی کے بجلی کے صارفین کو 3 ارب 59 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا، فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہو گا۔ حکام نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے اپنے وسائل سے 32 روپے 96 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی، سی پی پی اے سے خریدی جانے والی بجلی کی قیمت 12 روپے 1 پیسے فی یونٹ تھی۔
چیئرمین نیپرا نے سماعت کے دوران سوال اٹھایا کہ اکتوبر میں ڈیزل سے بجلی کیوں پیدا کی گئی، کیا اتھارٹی کو ڈیزل سے بجلی پیدا کرنے کی پیشگی اطلاع دی گئی؟کے الیکٹرک کے حکام نے جواب دیا کہ بجلی کی پیداوار کے لحاظ سے قوانین پر عمل درآمد کیا گیا ہے۔
نیپرا اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیرصدارت سماعت ہوئی، کے الیکٹرک نے پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں7 روپے 83 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی۔نیپرا نے کہا کہ کے الیکٹرک نے ایف سی اے کی مد میں1 روپے 88 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست بھی کی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے مطابق اکتوبر کے ایف سی اے کی مد میں کمی 2 روپے 15 پیسے فی یونٹ بنتی ہے، کراچی کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں اس کمی کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لیے ہو گا۔نیپرا کا کہنا ہے کہ اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔