وفاقی حکومت نے صارفین پر بجلی بم گرا دیا

 وفاقی حکومت نے صارفین پر بجلی بم گرا دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے ’’ کے الیکٹرک‘‘ کے گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 3.21 روپے فی یونٹ اضافہ کردیا۔

وفاقی حکومت نے زرعی ٹیوب ویلوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں 3.60 روپے فی یونٹ سبسڈی دینے کی منظوری دے دی، تاہم اس کے ساتھ ہی ’’ کے الیکٹرک‘‘ کے گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 3.21 روپے فی یونٹ اضافہ کردیا ہے

یہ فیصلے گزشتہ روز کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے، جس کی صدارت وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کی۔ ای سی سی نے انسانی ساختہ (مین میڈ)کپڑے پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کی بھی منظوری دی جبکہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 15ارب روپے دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

مجموعی طور پر اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 139ارب روپے کی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی، جس میں گردشی قرضوں میں کمی کی خاطر حکومتی ملکیت کے پاور پلانٹس کو واجبات کی ادائیگی کی مد میں دیئے جانے والے 93.4 ارب روپے بھی شامل ہیں۔

زرعی ٹیوب ویلوں کے لیے بجلی کے نرخ میں 3.60 پیسے کی کمی کے بعد اب انہیں13 روپے فی یونٹ کی بیس پرائس ادا کرنی ہوگی، اس رعایت کا اطلاق یکم نومبر2022ء سے ہوگا، جس کا مقصد سیلاب سے کاشتکاروں کو ہونے والے نقصان کی جزوی تلافی کرنا ہے تاہم بجلی کی قیمت میں سیلزٹیکس اور ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ شامل کیے جانے کے بعد کسانوں کو اب بھی بجلی کی کم سے کم قیمت 23.40 روپے فی یونٹ ادا کرنی پڑے گی۔

100یونٹ تک استعمال کرنے والے کے الیکٹرک صارفین کے لیے قیمت میں 1.48 روپے فی یونٹ جبکہ 200یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے نرخ میں 3.21 روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ صنعتی صارفین کے لیے قیمت 4.45 روپے فی یونٹ بڑھائی گئی ہے۔