ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ملتان پاور شو:حکومت نے گھٹنے ٹیک دئیے

ملتان پاور شو:حکومت نے گھٹنے ٹیک دئیے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42:ملتان پاور شو:حکومت نے گھٹنے ٹیک دئیے،جلسہ گاہ جانیوالے راستے کھول دئیے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ انتظامیہ کو جلسہ گاہ کے راستے کھولنے کی ہدایت کردی ہے،تمام کارکنوں کو جلسہ گاہ جانے کی اجازت ہے۔

ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز ملتان کے راستے پر رواں دواں ہیں ،وہ بذریعہ روڈ ملتان جا رہی ہیں۔ مریم نواز  کو چاہنے والوں نے پی ڈی ایم  جلسے میں شرکت کیلئے ملتان روانگی سے قبل امام ضامن باندھا ،جاتی امرا میں بکرے کا صدقہ بھی دیا گیا۔اس موقع پر متوالیوں نے اپنی قائد کو امام ضامن بھی باندھا اور ملتان جلسہ کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی۔جاتی امرا میں مریم نواز  کی رہائشگاہ کے باہر لیگی کارکنوں کی جانب سے شدید نعرے بازی  بھی کی گئی ۔

 اس موقع پر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے تیسری بار بھی گرفتاری کا کوئی خوف نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں کے خوف سے دیواریں پھلانگنے والی نہیں، بغیر کسی گناہ کے دو مرتبہ جیل کاٹ چکی ہوں لہٰذا مجھے تیسری بار بھی گرفتاری کا کوئی خوف نہیں مجھے گرفتار کیا بھی گیا تو کوئی ایشو نہیں ہے۔

  پی ڈی ایم کا جلسہ روکنے کے لیے مختلف اضلاع سے پنجاب پولیس کی اضافی نفری کو طلب کر لیا گیا ہے جب کہ کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں منگوالی گئی ہیں۔سٹیڈیم کو کارکنان سے خالی کراکے ایک بار پھر سے تالے لگا دیے ہیں جب کہ سٹیڈیم سے سیاسی رہنماو¿ں کے پینا فلیکس اور بینرز بھی اتار دیے گئے اور چوک گھنٹہ گھر کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کر کے رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔شہر میں بیشتر مقامات پر کنٹینر لگاکر سڑکوں کو بند کردیا گیا ہے جس سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔


نشتر روڈ سے گیلانی ہائوس جانے والا راستہ سیل کردیا گیا اور دوسرے راستے کو بھی سیل کیا جارہا ہے، راستہ بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس شدید متاثر ہے جب کہ کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔علاوہ ازیں سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ، ملازمین کو زخمی کرنے اور کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر سیاسی رہنمائوں کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیے گئے ہیں۔دوسری جانب علی قاسم گیلانی، زاہد بہار ہاشمی، سعد کانجو سمیت 70 افراد حوالات کے پیچھے ہیں اور سابق وزیراعظم کے بیٹے علی قاسم گیلانی کو ایک ماہ کے لیے جیل میں بھیج دیا گیا ہے۔


فیصل آباد میں ورکرز کنونشن روکنے کیلئے سابق ایم این اے میاں عبدالمنان کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا، ایم این اے عائشہ رجب اور رہنما این اے 109 مزمل سرور ڈوگر کے گھر پر بھی ریڈ کیا گیا۔ سٹی صدر شیخ اعجاز کے بیٹے کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔وہاڑی میں تہمینہ دولتانہ کے دفتر اور دیگر مقامات پر چھاپوں کے دوران 13 لیگی کارکن دھر لئے گئے۔ ضلعی انتظامیہ بوکھلاہٹ میں پی ٹی آئی کے عہدیداروں اور کارکنوں کو بھی پکڑ کر لے گئی، مشتعل کھلاڑیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

گگو منڈی میں ایم پی اے یوسف کسیلیہ کے بھائی سمیت متعدد افراد گرفتار کر لئے گئے۔ حمد پور شرقیہ میں جے یو آئی ف اور پی پی پی کے 11 عہدیداران اور کارکن پکڑے گئے۔ پیر محل سے پی پی رہنما رانا جمیل کو حراست میں لیا گیا۔ خانیوال میں نواز لیگ کے مقامی رہنما رانا سلیم کی فیکٹریوں پر چھاپے کے دوران ڈرائیور و دیگر ملازمین کو دھر لیا گیا۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer