( شاہین عتیق ) ڈاکٹروں کے وکلا پر تشدد کے خلاف لاہور بار کا اجلاس، وکلا نے پولیس کو دو دسمبر تک کارروائی کرنے کی وارننگ دے دی، صدر عاصم چیمہ نے کہا کہ اگر تشدد کرنے والے ڈاکٹرز کو گرفتار نہ کیا گیا تو وکلا انتہائی قدم اٹھانے پر مجبورہو جائیں گے، پیر کے روز مکمل ہڑتال کا بھی اعلان کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں وکلا نے پولیس کی جانب سے ڈاکٹروں کو گرفتار نہ کرنے کی شدید مذمت کی، بار کے صدرعاصم چیمہ نے کہا کہ پیر کے روز وکلا مکمل ہڑتال کریں گے، کوئی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوگا، لاہور ہائی کورٹ میں وکلا کا اجلاس ہوگا جس میں تمام وکلا کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر دو دسمبر تک کی پولیس کو ڈیڈ لائن دے رہے ہیں، وکلا اگر ہمارے ہاتھ سے نکل گئے تو پھر معاملہ بہت دور جائے گا۔ اجلاس میں وکلا نے نعرے بازی بھی کی۔