(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے کنٹریکٹ ملازمین کی برطرفیاں تاحکم ثانی روک دیں۔ عدالت نے درخواستوں پر ایم ڈی ووکیشنل کونسل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 17 دسمبر کو جواب طلب کر لیا.
تفصیلات کے مطابق جسٹس شمس محمود مرزا نے شعیب علی سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ طویل عرصے سے لیب اسسٹنس کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ حکومتی پالیسی کے مطابق انہیں مستقل نہیں کیا گیا۔ متعلقہ حکام کو درخواستیں دیں لیکن شنوائی نہیں ہو رہی۔
درخواست گزاروں نے استدعا کی کہ عدالت انہیں مستقل کرنے کا حکم دے۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کو مزید سماعت کے لئے جسٹس علی باقر نجفی کو بھجواتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اسی نوعیت کے کیسوں پر جسٹس علی باقر نجفی پہلے ہی سماعت کر رہے ہیں۔ مناسب ہے کہ اس کیس پر بھی وہی جج سماعت کریں۔