روزینہ علی : آج رات موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیا ت کا کہنا ہے کہ ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جیکب آباد،51، لسبیلہ 50، دادو، سبی، تربت، موہنجوداڑو 49، خیر پور، لاڑکانہ، بہاولنگر48، حیدرآباد، قصور، رحیم یار خان، سکھر، بہاولپور، بھکر، جوہر آباد، خانیوال، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، پڈعیدن، روہڑی، نورپور تھل میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔
جمعہ کے روز موسم کی صورتحال
جمعہ کے روز موسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم رہے گا۔ تاہم شام/رات میں آندھی /جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے ۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کے ساتھ تیز ہوائیں ،جھکڑ چلنے کا امکان ہے، تاہم کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، سوات، چترال، دیر، ایبٹ آباد، ہری پور اور مانسہرہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کے ساتھ گرد آلود ہوائیں /جھکڑ چلنے کا امکان ہے، تاہم (شام /رات)چکوال، راولپنڈی، اٹک، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، منڈی بہاؤلدین اورسرگودھا میں آندھی /جھکڑ چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔اس کے علاوہ مری، گلیات اور گردو نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شد ید گرم رہے گا۔ جبکہ جنوب مغر بی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں /جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شد ید گرم جبکہ ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا، اس دوران جنو بی اضلاع میں تیزہوائیں /جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے ۔