( حسن خالد ) کراچی طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والےپی آئی اے کے فرسٹ آفیسر شہید عثمان اعظم کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، مرحوم کو صدر کے علاقے میں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔
طیارہ حادثے میں شہیدفرسٹ آفیسر عثمان اعظم کا جسد خاکی پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچایا گیا، جہاں کارگو کمپلیکس میں پی آئی اے کے عملے نے شہید کی نماز جنازہ ادا کی۔
شہید عثمان اعظم کا جسد خاکی گھر پہنچا تو کہرام مچ گیا، اہل علاقہ کی بڑی تعداد پہنچ گئی، ہرآنکھ اشکبار دکھائی دی۔
شہید عثمان اعظم کی نماز جنازہ صدر چوک پر واقع جامع منظور الاسلامیہ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں پی آئی اے عملہ کے اراکین سمیت رشتہ داروں اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شہید کے لواحقین کا کہنا تھا کہ فرسٹ آفیسر عثمان اعظم بہت بہادر اور ایماندار انسان تھے، اپنے بیمار والد کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ سب سے عزت و تکریم سے پیش آتے تھے۔
شہید کو نماز جنازہ کے بعد آہوں اور سسکیوں میں مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔
پی آئی اے طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے فلائٹ سٹیورڈ عبدالقیوم اشرف کی نماز جنازہ ان کی رہائشگاہ سبزہ زار میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں اہل محلہ، عزیزوں، دوستوں اور رشتہ داروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
طیارہ حادثہ میں شہید فلائٹ سٹیورڈ عبد القیوم کا قومی پرچم میں لپٹا جسد خاکی لاہور ائیرپورٹ سے ان کی رہائش گاہ سبزہ زار کے بلاک لایا گیا۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔
عبدالقیوم کی نماز جنازہ کے بلاک گراونڈ سبزہ زار میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں اہل محلہ سمیت قریبی عزیزوں، رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔
عبدالقیوم کے ساتھ کام کرنے والی پی آئی اے کی ملازمین سانحے پر غم زدہ نظر آئیں۔ شہید عبدالقیوم کی عمر چالیس برس تھی، شہید نے پسماندگان میں ایک چھ سالہ بیٹا اور بیوہ چھوڑے ہیں۔