ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کورونا کے باعث سینما بند، پاکستانی فلم آزاد ٹی وی پر ریلیز

کورونا کے باعث سینما بند، پاکستانی فلم آزاد ٹی وی پر ریلیز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں دیگر ممالک میں سینما ہاؤسز بند ہیں، وہیں پاکستان میں بھی سینما گھر گزشتہ تین ماہ سے بند ہیں، سینما گھروں کے بند ہونے کی وجہ سے جہاں کئی فلموں کی ریلیز روک دی گئی، وہیں کچھ فلموں کو آن لائن یا پھر کسی ٹی وی چینل پر نشر کیا جا رہا ہے اور ایسی ہی ایک فلم ' آزاد' بھی ہے، جسے آج نجی ٹی وی چینل پر نشر کیا جائے گا۔

فلم ساز، گلوکار، موسیقار و اداکار یاسر اختر کی فلم ' آزاد' کی تمام تر شوٹنگ برطانیہ میں ہوئی ہے اور اسے عید الفطر کے موقع پر پاکستانی سینما گھروں میں ریلیز کیا جانا تھا مگر سینما ہاؤسز بند ہونے کی وجہ سے اب اسے ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے۔

فلم ساز کے مطابق سینما ہاؤسز بند ہونے کے باعث جہاں شائقین ان کی فلم کو بڑے پردے پر نہیں دیکھ سکے، وہیں وہ اس بات پر بہت خوش ہیں کہ شائقین ان کی فلم کو عید کی خوشیوں کے موقع پر ٹی وی اسکرین پر گھر میں رہتے ہوئے دیکھ سکیں گے۔ ' آزاد' کی کہانی پاکستان چھوڑ کر برطانیہ منتقل ہونے والے ایک خاندان کے گرد گھومتی ہے مگر برطانیہ منتقل ہونے کے بعد اسی خاندان کے ساتھ دیگر پاکستانی خاندانوں اور افراد کی کہانیاں بھی فلم کا حصہ بنتی ہیں۔

فلم کی مرکزی کہانی ایک ایسی پاکستانی خاتون کے گرد گھومتی ہے جو پاکستان میں اپنے شوہر کے قتل کے بعد اپنے کم عمر بچوں سمیت برطانیہ منتقل ہوجاتی ہیں، جہاں انہیں آگے بڑھنے میں مشکلات پیش آتی ہیں، فلم کی مرکزی کاسٹ میں پروین اکبر، مومل شیخ، گگن چوپڑا، عمران علی اسد، حرا تسحین اور خود یاسر اختر شامل ہیں۔

فلم میں یاسر اختر نے آزاد نامی لڑکے کا کردار ادا کیا ہے جو اپنے والد کے قتل کے بعد والدہ کے ساتھ برطانیہ منتقل ہوجاتا ہے اور ان کی والدہ کا کردار پروین اکبر نے ادا کیا ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer