مال روڈ (علی اکبر ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ کورونا ہماری زندگیوں میں آچکا ہے، اب احتیاط سے ہی زندگی بسر کرنا ہوگی, کورونا پر قابو پانے کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اورصوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمو دالرشید نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی، ملاقات میں میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے، ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں اورآئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاری کردہ ایس او پیز پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کوروناپر قابو پانے کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے، سماجی فاصلے برقرار رکھنے سے ہی بیمار ی کا پھیلاؤ کم ہوگا، عوام کی صحت سب سے زیادہ عزیز ہے، مریضوں کو گھروں میں آئسولیشن میں رہنے کی اجازت دے دی گئی ہے، ہر وہ اقدام کررہے ہیں جس سے بیماری کا پھیلاؤ کم سے کم ہو، حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہی کورونا وائرس سے نمٹنے کا موثر ذریعہ ہے، تعلیمی اداروں، شادی ہالوں اور سینما گھروں کو بند رکھنے کا فیصلہ عوام کے مفاد میں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیں، ''پرہیز علاج سے بہتر ہے'' کے اصول پر عمل کرتے ہوئے عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کورونا کی روک تھام کیلئے کیے جانیوالے اقدامات اور علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کورونا وائرس سے شہید ہونیوالی لیڈی ڈاکٹرثناء فاطمہ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ثناء فاطمہ نے جرات اور قربانی کی لازوال مثال قائم کی، ڈاکٹر ثناء فاطمہ جیسے لوگ طب کے شعبے کی شان ہیں اور قوم کا ہر فرد شہید ڈاکٹر ثناء فاطمہ کو سلام پیش کرتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے شہید ڈاکٹر ثناء فاطمہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کورونا کے خلاف جنگ میں ہمارا ہراول دستہ ہیں، ڈاکٹروں اورپیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔