سٹی42: شہر میں نشہ آور سیرپ کی فروخت کے خلاف قرارداد جمع کروا دی گئی، قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن اسوہ آفتاب کی جانب سے جمع کرائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں نشہ آور سیرپ کی کھلے عام فروخت کیخلاف جمع کروائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں پولیس کی مبینہ سرپرستی میں نشہ آور سیرپ کی کھلے عام فروخت جاری ہے۔ پولیس انتظامیہ کی سرپرستی میں نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہےجبکہ میڈیکل سٹورز اور عام دکانوں میں نشہ آور سیرپ با آسانی دستیاب ہیں، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ منشیات فروش نوجوان نسل میں زہر اتار رہے ہیں۔
منشیات فروشوں کوبا اثر افراد اور اعلیٰ حکام کی پشت پناہی حاصل ہے، یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہےشہر بھرمیں نشہ آورسیرپ کی کھلے عام فروخت کو روکا جائے، منشیات فروشوں اورسیرپ فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاون کیا جائے تاکہ نوجوان نسل کے مستقبل کو تباہ ہونے سے بچایا جاسکے۔