(فاطمہ عارف) لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
چھٹی کے روز شہر لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 27 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔فضائی آلودگی میں کمی آنے سے ایئر کوالٹی انڈکس کی شرح 94 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور 9ویں نمبر پر آگیا ہے۔ جوہر ٹاؤن 110،شاہراہ قائداعظم پر آلودگی کی شرح 131ریکارڈ کی گئی ہے۔
لاہور کے علاقے باغبان پورہ، فرخ آباد ، لکشمی چوک، علامہ اقبال ٹاون، نابھہ روڈ، اقبال ٹاؤن،مون مارکیٹ،برکت مارکیٹ،فیروز پور روڈ، چوبرجی، انارکلی، مزنگ، شاہ عالم، مصری شاہ، دھرم پورہ سمیت دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے لگیں، بارش اور تیز ہواؤں سے موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔
دوسری جانب مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کا صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہنا ہےکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی 24/7 مانیٹرنگ جاری ہے، 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں، شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں، شہر ی کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں، بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔
شہری مدد کیلئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔