ویب ڈیسک: معروف لیجنڈری اداکار شکیل احمد کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کردی گئی ہے، نمازجنازہ میں گورنرسندھ کامران ٹیسوری اورفنکاروں نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق اداکار شکیل احمد کی نماز جنازہ کراچی کی سلطان مسجد میں ادا کی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں گورنر سندھ ، فیصل قریشی، بہروز سبزواری،شہزاد رضا،آفتاب عالم اور دیگر نے شرکت کی۔ شکیل احمد گزشتہ روز کراچی میں 85 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔اداکارشکیل ملیرکینٹ میں رہائش پذیر تھے، کافی عرصےسےعلیل اورگزشتہ 4روزسےنجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔مرحوم ا داکارشکیل نے سوگواران میں بیٹے اوربیٹی کو چھوڑا ہے اور ان کی بیٹی سعودی عرب سےآج رات کراچی پہنچےگی۔
اداکارشکیل نےڈرامہ سیریل“انکل عرفی“سےشہرت حاصل کی تھی۔ان کے مشہور ڈراموں میں آنگن ٹیڑھا، انکل عرفی اور ڈرامہ سیریل چچا شامل ہیں جبکہ انہوں نے 22کے قریب فلموں میں بھی کام کیا۔ اداکار شکیل پاکستان میں حالیہ زلزلے کے دوران سرگرم رہے۔شو بز میں ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں1992میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ اداکارشکیل کی وفات پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کیلئے بڑا نقصان ہے۔ان کا نام ڈرامہ انڈسٹری کےسنہرے دورسے جڑا ہے، اداکارشکیل کے لازوال کرداروں،شاندار اداکاری سےلوگوں کی قیمتی یادیں وابستہ ہیں۔ اللہ تعالی انکی مغفرت کریں اہلِ خانہ اور رفقاء کو صبر جمیل عطا کریں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹونے پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے لیجنڈ اداکارشکیل کے انتقال پر گہرے رنج و غم کو اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کی ہے۔