( شہزاد خان ابدالی ) اوگرا نے ماہ جولائی کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں چار روپے فی کلو گرام اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، گھریلو سلنڈر 47 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 180 روپے بڑھا دی گئی۔
اوگرا نے ماہ جولائی کیلئے نئی قیمتیں جاری کردیں، اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق اب ایل پی جی گیس 110 روپے فی کلو کی بجائے 114 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگی۔ اسی طرح گھریلو سلنڈر 1298 روپے سے بڑھ کر 1345 روپے کا ہوگیا اور کمرشل سلنڈر 4995 روپے کی بجائے 5175 روپے میں ملے گا۔
ایل پی جی کی پیداواری قیمت 54372 کی بجائے نئی قیمت 57757 روپے میٹرک ٹن ہوگئی۔ شہریوں نے ایل پی جی کی قیمت بڑھنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار مزید مہنگائی کرکے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھیننے کے درپے ہے۔
واضح رہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث ملک میں پٹرول بحران شدت اختیار کرگیا تھا، ملک بھر میں پی ایس او کے علاوہ کوئی دوسری کمپنی پمپس کو پیٹرول فراہم نہیں کررہی تھی جس کے باعث پٹرول بحران شدت اختیار کرگیا۔
تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت نے اچانک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے نافذ بھی کر دیا جس کے بعد ملک سے پیٹرول کا بحران ختم ہوگیا۔ حکومت پیٹرول مافیا کوکنٹرول کرنے میں نا کام ہوگئی۔