ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سمارٹ لاک ڈاؤن سے تنگ لاہوریوں کیلئے اچھی خبر

سمارٹ لاک ڈاؤن سے تنگ لاہوریوں کیلئے اچھی خبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( راؤ دلشاد حسین ) شہر کے پوش علاقوں اور اندرون شہر میں لاک ڈاؤن مزید تین روز تک برقرار رہے گا جبکہ 17 جون کو شہر کے اکسٹھ علاقوں میں لگایا لاک ڈاؤن رات بارہ بجے ختم کردیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے پوش علاقوں ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، ڈی ایچ اے، گارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، گلشن راوی اور اندرون شہر میں لاک ڈاؤن بدستور تین روز تک جاری رہے گا۔ مجوزہ علاقوں میں کورونا وائرس کے تین ہزار چھے سو تیرہ کیسز رپورٹ ہونے پر لاک ڈاؤن کیا گیا تھا تاہم لاک ڈاؤن کے دوران تمام کاروباری سرگرمیاں بند رہیں جبکہ سرکاری و پرائیویٹ دفاتر بھی بند رہیں گے۔

شاپنگ مالز اور مارکیٹس بھی بند رہیں گی البتہ میڈیکل سٹورز، گروسری سٹورز، بیکریز اور ملک شاپس سمیت اشیاء خورونوش کے سٹورز کھلے رہنگے۔  دوسری جانب 17 جون کو لاک ڈاؤن کیے گئے شہر کے اکیس علاقوں کے 61 گلی محلوں کے رہائشیوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ رات بارہ بجے سے تمام علاقوں کو کھول دیا جائے گا۔

دوسری جانب اندرون شہر کے تاجر مارکیٹوں اور بازاروں کی مسلسل بندش سے تنگ آگئے ہیں۔ صدر بورڈ خواجہ عامر نے بدھ کو تاجروں کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ شاہ عالم مارکیٹ بورڈ کے دوسرے گروپ کے مرکزی صدر حاجی حنیف نے بھی کاروبارکی اجازت دینے کا مطالبہ کردیا۔

والڈ سٹی کے تاجر طویل لاک ڈاون سے عاجز آگئے۔ کرائے دار چھوٹے تاجروں کے معاشی حالات انتہائی خراب ہوچکے ہیں۔ شاہ عالم بورڈ کے جنرل سیکرٹری رانا نثار کا کہنا ہے کہ حکومت صرف اندرون شہر کی متاثرہ گلیاں سیل کرے، بازاروں اور مارکیٹوں کو کھولا جائے۔

شاہ عالم بورڈ دوسرے گروپ کے مرکزی صدر حاجی حنیف نے کہا کہ چھوٹے تاجر پنجاب حکومت سے التجا کررہے ہیں کہ انکی معاشی مشکلات کا ادراک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں تاجر پس کر رہ گے ہیں۔ بدھ کو خواجہ عامر گروپ کے بلائے گے اجلاس میں تاجر اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

واضح رہے لاہور میں کورونا وائرس کا زور ٹوٹنے لگا ہے، 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں کورونا کے 247 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 38 ہزار 746 تک پہنچ گئی۔ ترجمان پرائمری ہیلتھ کے مطابق شہر میں قاتل کورونا وائرس سے اب تک 663 اموات اور 38746 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

 گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب بھر میں کورونا کے 576 نئے کیسز اور 8 اموات ہوئی ہیں، پنجاب میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 1681 اور کیسز کی تعداد 74 ہزار 778 ہوگئی ہے۔ صوبے میں کورونا کی تشخیص کیلئے اب تک 4 لاکھ 85 ہزار 496 افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں اور کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 26 ہزار 62 ہو چکی ہے۔