قومی ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کا تیسرا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا

قومی ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کا تیسرا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( حافظ شہبازعلی ) قومی کرکٹ ٹیم کے چھ کھلاڑیوں کی تیسری کوویڈ ٹیسٹنگ رپورٹ نیگٹیو آگئی، رپورٹ نیگٹیو آنے کے بعد پی سی بی کھلاڑیوں کو انگلینڈ بھجوانے کے انتظامات کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے 20 کھلاڑیوں کے انگلینڈ پہنچنے کے بعد پاکستان کرکٹ کے لیے اچھی خبر آگئی ہے۔ چھ مزید کھلاڑیوں کی تیسری کوویڈ ٹسیٹنگ رپورٹ منفی آگئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مقامی ہوٹل میں گزشتہ روز کھلاڑیوں کے تیسری کوویڈ ٹیسٹنگ کرائی تھی، جس کی رپورٹس آج پاکستان کرکٹ بورڈ کو موصول ہوگئی ہیں۔

تیسری رپورٹ کے مطابق محمد حفیظ، وہاب ریاض، محمد رضوان، محمد حسنین، فخر زمان اور شاداب خان کی تین دن میں دوسری منفی رپورٹ آگئی ہے، جس کے بعد یہ تمام کھلاڑی انگلینڈ جانے کے لیے کلیئر ہوگئے ہیں۔ 22 جون کو ہونے والی پہلی کوویڈ ٹیسٹنگ میں مجوعی دس کھلاڑیوں اور ایک ٹیم آفیشل کی کوویڈ رپورٹ پازیٹو آئی تھی، جس کے بعد 26 جون کو تمام کھلاڑیوں اور مساجر ملنگ علی کی دوسری ٹیسٹنگ کرائی گئی، جس میں سے چھ کھلاڑیوں کی رپورٹ نیگیٹیو آئی تھی جس کے بعد ان کی تیسری ٹیسٹنگ کرائی گئی۔

تیسری رپورٹ نیگٹیو آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام چھ کھلاڑیوں کو انگلینڈ بھجوانے کے انتظامات کا آغاز کردیا ہے۔ انگلینڈ جانے تک یہ تمام کھلاڑی مقامی ہوٹل کے بائیو سیکیور ماحول میں ہی رہیں گے۔ دوسری جانب چار کھلاڑیوں اور مساجرملنگ علی کا آئسولیشن پیریڈ مکمل ہونے کے بعد دوبارہ سے ٹیسٹ کرائے جائیںگے۔