کراچی واقعہ کے بعد لاہور میں سکیورٹی ہائی الرٹ

کراچی واقعہ کے بعد لاہور میں سکیورٹی ہائی الرٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قیصر کھوکھر) کراچی میں پاکستان  سٹاک ایکسچینج پر حملے کے بعد  لاہور میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، اہم مقامات پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  سول سیکرٹریٹ میں سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان اور چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔اجلاس میں کمشنر لاہور ، سی سی پی او لاہور اور متعلقہ افسران نے شر کت کی جبکہ آئی جی ، ڈویژنل کمشنرز، آرپی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ آئی جی نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ کراچی سٹاک ایکسچینج حملے کے بعدصوبہ میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

تمام حساس مقامات پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ آئی جی کا کہنا تھا کہ لاہور میں سٹاک مارکیٹ ، گورنرہاوس، پنجاب اسمبلی، ایوان وزیراعلیٰ، سول سیکرٹریٹ سمیت اہم مقامات پر سکیورٹی الرٹ ہے جبکہ لاہور پولیس امن دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ آئی جی نے کہا کہ لاہورپولیس شرپسندوں کوناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزصبح 10 بجے کے قریب 4 دہشتگردوں نے پہلے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے گیٹ پر دستی بم حملہ کیا اور پھر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی  پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور آپریشن شروع کیا جس کے نتیجے میں چاروں دہشتگرد مارے گئے تھے، دہشتگروں کی عمریں 22 سے 28 سال تھیں۔

پولیس کا کہناتھا کہ  دہشت گردوں کے حملے میں 2 سیکیورٹی گارڈز، ایک پولیس اہلکار شہید ہوا جبکہ چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا جبکہ کچھ افراد زخمی بھی ہوئے۔واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان،وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان اور شہباز شریف کی جانب سے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔گزشتہ روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں دہشت گردوں کے حملے کے باوجود کاروبار میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا۔

M .SAJID .KHAN

Content Writer