ثمرہ فاطمہ: دوپہر کی چند منٹوں کی موسلا دھار بارش سے شہر کے دوسرے علاقوں کے ساتھ پیکو روڈ سے متصل سروس لین بھی بارشی پانی میں ڈوب گئی۔
سڑک پر جمع بارشی پانی تالاب کا منظر پیش کرنے لگا۔ بارش کا پانی اس قدر زیادہ ہے کہ بعض دوکانوں میں بھی داخل ہو گیا جس کے باعث دوکانداروں کے لئے اپنا کام جاری رکھنا ناممکن ہو گیا۔ بعض تاجروں نے بارش کے باعث اپنی دوکانیں بند کر دیں۔
یہ ہی نہیں بلکہ بارش کا پانی اطراف کی گلیوں میں بھی گھروں میں بھی جا رہا ہے۔
سڑک پر پیدل گزرنے کا راستہ باقی نہیں رہا، موٹر سائیکلوں پر آنے جانے والوں کو حادثہ سے بچنے کے لئے احتیاطیں کرنا پڑ رہی ہیں۔
دوکاندراوں نے بتایا کہ بارش ان کے لئے رحمت کی بجائے زحمت بن کر رہی جاتی ہے۔ بارش کا پانی دکانوں میں آ جانے سے کاروبار کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ علاقہ کےمکینوں نے کہا ہماری انتظامیہ سے اپیل ہے کہ یہاں نکاسیِ آب کا نظام بہتر بنایا جائے تاکہ جب بارش ہو تو یہاں پانی جمع نہ ہو۔
موسلا دھار بارش کے بعد کوٹ لکھپت ،ٹاؤن شپ اور فیروز پورروڈ بھی پانی میں ڈوب گئے ۔خیابان جناح روڈ پر بھی بارش کا پانی جمع ہو گیا جس کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا رہا۔
بارش سے خیابان جناح روڈ اور اطراف میں بارشی پانی جمع ہوگیا۔ چوک میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے دکاندار اور رہائشی گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد چوک کی یہی صورتحال ہوتی ہے۔ گھروں کو جانا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔