ویب ڈیسک: بارشوں کے بعد دریاؤں خصوصاً دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال بڑھ گئی گئی ہے۔ اس وقت گڈو بیراج کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ آج گڈو بیراج میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے پہنچیں گے، دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ،خیر پور میں کچے کا علاقہ ڈوب گیا۔درجنوں دیہات میں لوگ پھنس گئے، کپاس گنے اوردیگر فصلیں زیرآب آگئیں، دریائے راوی پر ہیڈ بلوکی کےمقام پرپانی کی سطح میں بھی مزید اضافہ ہو رہا ہے،
فیڈرل فلڈکمیشن نے کہاہے کہ تونسہ اور پنجند سے پانی کے مشترکہ بہاو کے باعث دریائے سندھ میں گدو کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔کمیشن کی روزانہ کی رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ میں کل سکھر کے مقام پر بھی اونچے درجے کے سیلاب کاامکان ہے۔
مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی ملک کے کئی شہروں میں بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ تاہم ریڈیو پاکستان کے مطابق آئندہ دوروز کے دوران مون سون کی بارشوں کے سلسلے میں کمی کی توقع ہے البتہ اس دوران دریائے کابل اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی نالوں سے آنے والے سیلابی ریلے کے باعث درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
اس وقت دریائے سندھ میں تونسہ اورگدو کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ تربیلا ، کالاباغ،چشمہ اورسکھر کے مقام پرنچلے درجے کاسیلاب ہے۔
دریائے ستلج میں ہیڈ سلیمانکی میں بھی درمیانے درجے کاسیلاب ہے اورپانی کے بہاو میں کمی آرہی ہے۔
دریائے چناب میں مرالہ ،راوی میں بلوکی اورسدھنائی کے مقام پر اوردریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔دریائے جہلم میں پانی کابہاؤ معمول کے مطابق ہے۔