قیصر کھوکھر: کرپشن اور بدعنوانی کا راستہ روکنے کے لئے اہم اقدام، پنجاب حکومت نے تمام سرکاری افسران سے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
پنجاب حکومت نے صوبے سے کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں اس حوالے سے پنجاب حکومت نے تمام افسران سے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں تمام افسران سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی جائیداداور آمدن کے ذرائع کی تمام تفصیلات پیش کریں۔
افسران کو بھجوائے گئے مراسلے میں ان سےتمام منقولہ اورغیرمنقولہ جائیداد کی تفصیلات بھی مانگ لی گئی ہیں۔ محکمہ ایس اینڈجی اے ڈی نے تمام افسران اور اداروں کو اس حوالے سے مراسلہ بھجوا دیا ہے۔
اس سے قبل سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ بھر کی ایجوکیشن اتھارٹیزکے کرپٹ افسروں کا ریکارڈ مرتب کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اتھارٹیز میں تعینات افسروں کیخلاف جاری انکوائریوں کے حوالے سے بھی الگ ریکارڈ مرتب کیا جائے گا، سیکرٹری سکولز کی جانب سے صوبہ بھر کی تمام اتھارٹیز کے افسروں کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایجوکیشن اتھارٹی میں تعینات افسروں کیخلاف مبینہ کرپشن کے الزامات پر انکوائریاں زیر التواء ہیں، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہےکہ انکوائریوں کا ریکارڈ مرتب کرنے کے بعد افسروں کیخلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
علاوہ ازیں محکمہ سکول ایجوکیشن نے اساتذہ والدین اور طلبا سے رابطہ قائم رکھنے کیلئے ریڈیو پاکستان سے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا، اس سلسلہ میں ریڈیو پاکستان اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان معاہدہ بھی طے پاگیا۔معاہدے کے تحت طلبا کی رہنمائی کیلئے مختلف لیکچرز ایف ایم ریڈیو پر پیش کیے جائیں گے۔
دوسری جانب لیسکو سمیت بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں سے کرپٹ اور بجلی چوری افسروں کو نوکری سے فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پیپکو نے کمپنیوں سے افسروں کیخلاف ہونے والی محکمانہ کارروائیوں کی تفصیلات طلب کر لیں جبکہ سزا یافتہ افسران و ملازمین کا ریکارڈ وزارت پاور ڈویژن کو بھجوایا جائے گا۔