(ویب ڈیسک)(ویب ڈیسک)نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا دوسرا اجلاس ، پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں دھماکے کی شدید مذمت،جانی نقصان پردلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلی محسن نقوی،صوبائی وزراء اور اعلی حکام نے شہدا ء کے لئے خصوصی دعا کی ،کابینہ اجلاس میں شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر جمیل اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی ۔پنجاب کابینہ کا شہداء کے لواحقین اورخیبر پختونخواکے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر پنجاب کی نگران کابینہ نے نئے لا ء آفیسرزکی تعیناتی کی باضابطہ توثیق کردی،عدالتی فیصلے کے مطابق پرانے لاء آفیسرز بھی عہدوں پر برقرار رہیں گے،پرانے لاء آفیسرز کسی بھی کیس میں حکومت کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی مزید سخت کرنے کاحکم دیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ پولیس حکام امن عامہ کی فضاء قائم رکھنے کیلئے تمام تر اقدامات کریں، صوبہ بھر میں داخلی اورخارجی راستوں کی سخت نگرانی کی جائے۔اجلاس میں پنجاب کابینہ کو کارپوریٹ فارمنگ پالیسی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کارپوریٹ فارمنگ پالیسی کو کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔ نگران صوبائی وزراء،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔