( عثمان علیم ) عوامی رکشہ یونین کا بڑھتی مہنگائی کے خلاف کلمہ چوک پر احتجاجی مظاہرہ، چیئرمین عوامی رکشہ یونین مجید غوری کا کہنا ہے کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کے خلاف دو فروری کو ٹھوکر نیاز بیگ سے وزیراعلیٰ ہاؤس تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق عوامی رکشہ یونین نے آٹا، چینی، پیٹرول اور سبزیوں سمیت دیگر اشیاء کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف کلمہ چوک پر احتجاج کیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت چیئرمین عوامی رکشہ یونین مجید غوری نے کی، احتجاج میں بڑی تعداد میں رکشہ ڈرائیورز شریک ہوئے جنہوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مجید غوری کا کہنا تھا کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مہنگائی پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے خود ساختہ مہنگائی کر کے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔
عوامی رکشہ یونین کے چیئرمین مجید غوری نے دو فروری کو ٹھوکر نیاز بیگ سے وزیراعلیٰ ہاؤس تک احتجاجی ریلی نکالنے کی کال دے دی۔ مجید غوری کا کہنا ہے کہ دو فروری کو ہونیوالے احتجاج میں ہر قسم کی ٹرانسپورٹ برادری شریک ہوگی۔